ہمایوں اختر

اپوزیشن ناکامیوں کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تحریک کو قرنطینہ کر لے تواسکے حق میں بہتر ہوگا’ ہمایوں اختر خان

اسلام آباد(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا بطور اتحاد کوئی بیانیہ نہیں بلکہ نواز شریف اور مریم نواز نے پی ڈی ایم کو یر غمال بنایا ہوا ہے ،خود شہباز شریف کے بیانیے کااپنے بھائی اور بھتیجی کے بیانیے سے 180ڈگری کا فرق ہے ، اپوزیشن کی تحریک کے باوجود وزیر اعظم عمران خان نے کرپشن کیسز میں ریلیف یا رعایت دینے کا اشارہ تک نہیں دیا جو ان کی ملک و قوم کے ساتھ اٹل کمٹمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن اپنی ناکامیو ںکے پھیلائو کو روکنے کیلئے اپنی تحریک کو قرنطینہ کر لے تواس کے حق میں بہتر ہوگا۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ،ماضی کے حکمرانوںنے کھربوں روپے کے قرضے حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی لیکن ان کی واپسی کے لئے کوئی مستقل نظام نہیں بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز پی ڈی ایم کے کندھوں پر بیٹھ کر اپنے مستقبل کی سیاست کیلئے کوشاں ہیں لیکن انہیں کامیاب نہیں مل رہی ۔ وزیر اعظم عمران خان پر عزم ہیں کہ یہ جو مرضی کرلیں احتساب کے شکنجے کی گرفت نرم نہیں ہو گی اور حکومت احتساب کرنے والے اداروں کی راہ میں کوئی رکاوٹ یا ان پر کوئی دبائو نہیں ڈالے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں