کراچی (گلف آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مہوش حیات نے طویل عرصے سے ٹی وی ڈراموں میں نظر نہ آنے کی وجہ بتادی۔مہوش حیات نے ایک انٹرویو میں اپنے لئے کرداروں کے انتخاب کرنے کے طریقے کے بارے میں بتایا کہ انہیں لگتا ہے کہ اب وہ اپنے انتخاب میں بہت زیادہ سمجھدار ہو گئی ہیں ۔انہوں نے طویل عرصے سے اپنی ٹی وی اسکرین سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دل لگی ڈرامے کے بعد کوئی ٹی وی ڈرامہ اس لیے نہیں کیا کیونکہ ان دنوں تمام کردار تقریبا ایک ہی طرح کے تصور پرمبنی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ایک اداکارہ کے طور پر اپنے آپ کوچیلنج کرنے کی ضرورت ہے اور ابھی انہیں ایسا کوئی پراجیکٹ نظر نہیں آیا۔مہوش حیات نے کورونا وائرس سے پاکستانی شوبز انڈسٹری پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وبائی مرض نے ہمیں ایک اچھا موقع فراہم کیا کہ ہم ایک بار جائزہ لیں اورسنجیدگی سے اس بات پر دوبارہ غور کریں کہ پاکستانی سینما کو کتنا کامیاب ہوناچاہیے۔



