حسان خاور

سپریم کورٹ طلبی پر وزیرِ اعظم عمران خان کی حاضری دراصل ریاست کا قانون کی بالادستی تسلیم کرنا ہے’حسان خاور

لاہور(گلف آن لائن) معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے حوالے سے سپریم کورٹ طلبی پر وزیرِ اعظم عمران خان کی حاضری دراصل ریاست کا قانون کی بالادستی تسلیم کرنا ہے، گڈ گورننس مسائل کا سرے سے نہ ہونا نہیں، بلکہ انکا بروقت تدارک ہے،پنجاب حکومت کا موازنہ سندھ سرکار سے کیا جائے تو سب کو آٹے دال کا بھا پتہ چل جائے گا، موجودہ حکومت کے تاریخی احساس راشن پروگرام کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل میکانزم بنایا جا رہا ہے جو فوٹو شوٹ گورننس کی سستی روٹی سکیم کے برعکس آئندہ آنے والوں کے لیے بھی قابلِ استعمال ہو، شہباز شریف دور کی سستی روٹیاں مہنگے اور پوش علاقوں کے لوگ اور تندور کھا گئے،تحریک انصاف ڈیجیٹل فوٹ پرنٹ کی مدد سے احساس راشن پروگرام کے 120 ارب کی ایک ایک پائی کا حساب دے گی۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے الحمرا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اہم پالیسی امور پر فیصلہ سازی میں حکومتی اتحادیوں کی بات سننا جمہوریت کا حسن ہے۔ حکومت عوام اور اتحادیوں سے ملکر انتخابی عمل کو شفاف اور غیر متنازعہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ حسان خاور نے وزیر اعظم عمران خان کی سپریم کورٹ پیشی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عدالت طلبی پر ن لیگ کی طرح عدلیہ کے خلاف اعلانِ جنگ نہیں کیا؛ نہ ہی کارکنوں کو بسیں بھر کر عدالت پہنچنے کی کال دی اور نہ ہی عدالتوں کے طلب کرنے پر لوہے کے چنوں کی باتیں کیں۔ حسان خاور نے کہا کہ تحریکِ انصاف کا خمیر ہی انصاف سے اٹھایا گیا ہے۔ ہمیں جج بلائیں تو ہم نوازشریف کی طرح ان پر بغض کے الزام نہیں لگاتے۔

ایک سابقہ وزیراعظم میڈیکل رپورٹس کے سہارے بیرون ملک فرار ہو جاتا ہے، اور بارہا بلانے پر بھی نہیں آتا۔ ہماری پیشی سے سپریم کورٹ کی راہداریوں سے شور بلند نہیں ہوتا۔ ہم نے بہانے بنانے کی بجائے عدالتی حکم کی تعمیل کے اعلان سے اداروں کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ اقبال نے اپنے شعر میں عدالت، شجاعت اور صداقت کو قیادت کے بنیادی اصول قرار دیا اور پی ٹی آئی نے عدالت، شجاعت اور صداقت میں گزشتہ روز فل مارکس حاصل کر لیے۔ ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ذریعے اقبال کے ویژن کی تکمیل ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزرا اور انتظامیہ چینی اور آٹے کے دستیابی کے حوالے سے پوری طرح متحرک ہے۔ سرکاری آٹا 55 روپے اور درآمدی چینی 90 روپے فی کلو پر وافر مقدار میں موجود ہے۔

حسان خاور نے کہا کہ عوام اپنی آواز اور شکایت ہم تک پہنچائیں، ہم بھرپور ایکشن لیں گے۔ آج حکومت کے ایکشن سے مافیا کی دم پر پاں آیا ہے، شور تو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم پانچ میچ جیت کر وننگ سٹریک پر ہے۔ قوم کو پوری امید ہے کہ قومی ٹیم اسی بہترین پرفارمنس سے فائنل تک جیت جاری رہے گی۔ حسان خاور نے عالمی ٹیموں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر کی کرکٹ ٹیموں کے لیے پاکستان ایک مکمل محفوظ جگہ ہے، لیکن کرکٹ کے میدان میں ہماری ٹیم کے تابڑ توڑ حملوں سے بچا کی کوئی گارنٹی نہیں۔

مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا سدباب کرنے کے لیے اس کی وجوہات کا ذہن میں رکھنا نہایت اہم ہے۔ تیل کی قیمتیں بڑھیں تو ہم نے سیلز ٹیکس اور پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کی۔ چینی کا بحران آیا تو ہم نے درآمدی چینی کی ترسیل اور تقسیم کا مربوط نظام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز لاہور میں ساٹھ لاکھ پیناڈول گولیوں کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ حکومت بھٹوں میں زگ زیک ٹیکنالوجی اور فصلوں کی باقیات جلانے پر قابو پا کر سموگ کم کر رہی ہے۔ ڈسکہ انتخابات پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈسکہ انتخابات میں ہمارے نمائندوں کی شکایات پر بھی کوئی ایکشن نہ لیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں