جاوید قصوری

ملک میں آٹا کا بحران تشویشناک، تبدیلی سرکار نے عوام سے روٹی بھی چھین لی ‘جاوید قصوری

لاہور (گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک و قوم ہر قسم کے بحران کی زد میں ہے۔ آئے روز ایک نیا بحران جنم لیتا ہے۔ مگر حکمرانوں میں اتنی اہلیت اور صلاحیت نہیں کہ وہ ان پر قابو پاسکے۔ پورا ملک مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ چینی بحران کے بعد اب ملک گیر گندم کا بحران سراٹھانے لگا ہے۔

لاہور ، کراچی، خیبر پختونخواہ میں آٹا مہنگا اور راولپنڈی اور اسلام آباد میں اسٹاک ختم ہوچکا ہے۔ تبدیلی سرکار نے عوام سے روٹی بھی چھین لی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 20کلو آٹے کا تھیلا بازار میں 1500روپے، جبکہ 10کلو آٹے کا تھیلا820روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ حکمرانوں نے اپنے غیر سنجیدہ رویے سے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ عوام سوا ل پوچھتے ہیں کہ ساڑھے تین برسوں میں موجودہ حکمرانوں نے ملک و قوم کی ترقی کے لیے کیا کیا ہے؟۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کا عوامی ریلیف سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ملک و قوم کو حکمرانوں کی ناقص ، ڈنگ ٹپائو پالیسیوں کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ موجودہ تحریک انصاف کی حکومت سے تو اس کے اپنے اتحادی بھی ناخوش نظر آتے ہیں۔ نااہلوں کا ٹولہ ہے جو سلیکٹڈکے ذریعے اقتدار پر مسلط ہوگیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ 28نومبر کو جان لیوا مہنگائی، بے روزگاری ، لاقانونیت سے نجات ، ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر لینے کے لیے نوجوان اسلام آباد آرہے ہیں۔ ایک ایک وعدہ حکمرانوں کو یاد کراتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں