ہمایوں اختر خان

چار دہائیوں میں ناکام رہنے والوںکی قبل از وقت انتخابات کی خواہش مضحکہ خیز ہے’ہمایوں اختر

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جب اپنی آنکھوں سے وزیراعظم عمران خان کے بغض کی پٹی اتارے گی تو انہیں آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر آ جائے گا،چار دہائیوں میں ناکام ہونے کے بعد عوام کی جانب سے مسترد ہونے والوں کی قبل از وقت انتخابات کی خواہش مضحکہ خیز ہے ، حکومت کے لئے اپوزیشن نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی کے اثرات چیلنج ہیں اورحکومت موثر حکمت عملی سے مہنگائی میں بتدریج کمی لا رہی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوںاخترخان نے کہا کہ احساس روشن پروگرام کے ذریعے تقریباً2کروڑمستحق گھرانوںکو آٹا ،خوردنی تیل اور دالیں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گے ،منفی پراپیگنڈا کرنے والی اپوزیشن بتائے تحریک انصاف کی حکومت سے پہلے کس دور میںمستحق گھرانوںکو اس طرز پر ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے سنجیدہ رہنما نجی محفلوںمیں دبے الفاظ میں خود اقرار کرتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو گھمبیر مسائل کی دلدل سے باہر نکالا ہے اور اب معیشت درست سمت میں گامزن ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مہنگائی عالمی مسئلہ ہے اس لئے اپوزیشن منفی پراپیگنڈے کے ذریعے حکومت کے دیگر مثبت اورکامیاب اقدامات پر مٹی نہیں ڈال سکتی ،انشا اللہ حکومت اپنی باقی ماندہ مدت میں عوام کو ہر ممکن ریلیف دے گی ،آئندہ عام انتخابات میں با وقار طریقے سے عوام کی عدالت میں جائیں گے اور سر خرو ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں