مسرت جمشید چیمہ

تحریک انصاف کااین اے 133کے ضمنی انتخاب میں ووٹروں سے حلف لیکر پیسے دینے کی ویڈیو کا نوٹس لینے کا مطالبہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخاب میں ووٹروں سے حلف لے کر پیسے دینے کی ویڈیو کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بناناہے توووٹ خریدنے کے گھنائونے عمل پر مسلم لیگ(ن) کی امیدوارکو نا اہل کیا جائے ،الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کے عمل کو کالعدم قراردے کر ساراعمل دوبارہ کرے ۔

پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن و این اے 133سے تحریک انصاف کی جانب سے کورننگ امیدوار مسرت جمشید چیمہ نے مسلم لیگ (ن) کی جا نب سے ووٹروںسے حلف لے کر پیسے دینے کی ویڈیو سامنے آنے پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ کیا الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ضمنی الیکشن خریدنے کی ویڈیو کا نوٹس لے گا؟، الیکشن کمیشن کا کام صرف امیدواروں کے بینرز اورفلیکسز کے سائز چیک کرنے تک محدودہے،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر20ہزار جرمانہ کر کے آنکھوںمیں دھول جھونکنے کی بجائے وہ اقدامات اٹھائے جائیں جن سے انتخابی عمل شفاف ہو ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے والوںنے پیسے کے زورپر حلقے کے پسے ہوئے طبقات کاایمان خریدنے کی کوشش کی، ضمنی انتخاب میںووٹ دینے کیلئے حلف لے کر پیسے دینا انسانیت کی تذلیل ہے ، ثابت ہو گیا ہے (ن)لیگ والے ہمیشہ ”چمک ”کے بل بوتے پر اقتدارمیں آئے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ووٹ کو عزت دو کے نعرے کے پیچھے نوٹ کو عزت دو اصل مقصد ہے ،سوال یہ اٹھتاہے کیا اب (ن)لیگ کی امیدوارکو انتخابی عمل کیلئے نا اہل کیا جائے گا اور اب یہ الیکشن کمیشن کی ساکھ کا سوال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر تو دعوے کرتی تھیںکہ تحریک انصاف غیر مقبول جماعت ہے، پھر یہ خوف کیساہے؟،

تحریک انصاف مقبول بھی نہیں ،میدان بھی نہیں اورآپ کو پھر بھی ووٹ خریدنے پڑگئے ،تحریک انصاف میدان میںبھی نہیں اور (ن) لیگ والوںکی ٹانگیںکانپ رہی ہیں،جمشید اقبال چیمہ کے حلقے میں لگے بینرز اورفلیکسز ہی انہیں راتوں کوسونے نہیں دیتے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں