جمشید اقبال چیمہ

133میں منڈی لگانے والوں نے 5دسمبر کے بعد عوام کے پاس آنا بھی گوارہ نہیں کیا ‘جمشید اقبال چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ این اے 133کے ضمنی انتخاب میں خرید و فروخت کی منڈی لگانے والوں نے 5دسمبر کے بعد عوام کے پاس آنا بھی گوارہ نہیں کیا ،مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی والے سوداگر ہیں اس لئے انہیں عوام اور ان کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، بتایا جائے تین دہائیوں سے پنجاب میں کس کی حکومت ہے ؟،ترقی کے دعویدار نام نہاد خادم اعلیٰ این اے 133میں آکر اس کی ابتری دیکھیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقے کی یونین کونسل 225اور226میں گیس کا ڈی آرایس لگانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی پی 166سے ٹکٹ ہولڈر عبدالکریم کلواڑ، رانا شہر یار ،ارسلان بھٹی، شمس الرحمان بٹ،حاجی شبیر،تنویر اسلم اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔حلقے میں آمد پر اہل علاقہ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے رہنمائوںکا پرتپاک استقبال کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حلقے کے عوام جانتے ہیں کہ ملک کی سب سے بڑی جماعت تحریک انصاف کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ضمنی انتخاب کے میدان سے باہر رکھا گیا لیکن ہم اس کے باوجود حلقے کی عوام کے درمیان موجود ہیں اور انشااللہ دیرینہ مسائل کے حل کیلئے جو بھی ممکن ہو سکا اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جیالے اورمتوالے اپنی قیادت سے ناراض ہیں اور تحریک انصاف کے ساتھ شامل ہو رہے ہیں اورآئندہ عام انتخابات میں سوداگروںکو عبرتناک شکست دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) والے کھلی آنکھوں سے دوبارہ اقتدار میں آنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں،ابھی تو آپ نے لوٹے ہوئے اربوں کھربوں کا حساب دینا ہے،عوام اب خودکو آپ کی سیاست کا ایندھن نہیںبنائیں گے بلکہ آپ کا ہر جگہ کڑا محاسبہ ہوگا۔ انہوں نے حلقے کی عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی مشاورت سے تمام دیرینہ مسائل کو مرحلہ وار حل کرایا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں