ہمایوں اخترخان

اپوزیشن صرف عمران خان کے بغض میں”میں نہ مانوں ”کی سیاست پر عمل پیرا ہے’ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن صرف وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں”میں نہ مانوں ”کی سیاست پر عمل پیرا ہے ،ماضی میں دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعویداروں نے توقومی صحت کارڈ جیسا عوامی فلاح کا ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا ،حکومت کے پاس جتنے وسائل موجود ہیں انہیں عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپنے مرکزی دفتر میں حلقے کے متحرک رہنمائوں اور اکابرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہاکہ اپوزیشن مثبت سیاست کی بجائے حکومت کے خلاف منفی پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے جس کا مقصد موجودہ دور کی کامیابیوں کو ناکامی کے طو رپر پیش کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قرضے لینے کا طعنہ تو دیتی ہے لیکن کیا ہی اچھا ہو تاکہ قوم کو یہ بھی بتایا جاتاکہ نئے قرضے ان کے دور میں لئے گئے قرضوں اور ان پر عائد ہونے والے سود کی ادائیگی کی مد میں خرچ ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نہ صرف ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ اس کے ساتھ معیشت کو بھی سہارا دیا جس کے مثبت اثرات بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے اور انشا اللہ نیا سال گزرے ہوئے سال سے بہت بہتر ہوگا ۔ اپوزیشن کو بتانا چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاست میں خدمت ،میرٹ اور شفافیت کے اعتبار سے جو معیار متعارف کرائے ہیں ب ان پر عمل پیرا ہوئے بغیر سیاست نہیں ہو سکے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں