طالبان

جنگجو، سابق عہدیداران کو ان کے جرائم پر سزا نہ دیں، طالبان سربراہ کا حکم

کابل(گلف آن لائن)طالبان کے سپریم لیڈر نے اپنے جنگجوئوں کو حکم دیا ہے کہ وہ سابقہ حکومت کے اہلکاروں کو ان کے ماضی کے جرائم پر سزا نہ دیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بیان اس ویڈیو کے سامنے آنے کے کچھ دن بعد منظر عام پر آیا جس میں ایک سابق فوجی کمانڈر کو زد و کوب کیا جارہا تھا۔طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے ٹوئٹر پر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا پیغام دیا جس میں طالبان حکام کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ افغانوں کے ملک چھوڑ کر جانے کی حوصلہ شکنی کریں کیونکہ بیرون ملک ان کو عزت نہیں دی جائے گی۔

ملا ہیبت اللہ کے بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ حکومت کے ملازمین کو ان کے جرائم پر سزا مت دیں۔طالبان سربراہ کا کہنا تھا کہ اگست میں طالبان کے قبضے کے بعد اعلان کی گئی عام معافی کا احترام کرنا چاہیے۔طالبان ترجمان کے مطابق طالبان سربراہ کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک میں افغانوں کی کوئی عزت نہیں ہے اس وجہ سے کسی افغان کو باہر نہیں جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں