لاہور(گلف آن لائن) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ 73 سال گزر گئے لیکن افسوس اقوام متحدہ کا کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ اب تک پورا نہیں ہوا ،کشمیری 7 دہائیاںسے اقوام متحدہ کے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں اور جام شہادت نوش کررہے ہیں۔شہبازشریف نے کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت پر اپنے پیغا م میں کہاکہ بہادر کشمیریوں نے نسل در نسل عظیم قربانیاں دی ہیں لیکن بھارتی جبرواستبداد کے سامنے سر نہیں جھکایا ۔
کشمیری شہدااور عوام کو عظیم قربانیوں اور بے مثال جدوجہد آزادی پر سلام پیش کرتے ہیں ۔پاکستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں، بہنوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتا ہے۔پورا پاکستان استصواب رائے کے حق کے حصول تک کشمیریوں کی مدد اور حمایت کرتا رہے گا ۔تنازعہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین زیرالتوامسئلہ ہے، عالمی برادری اور اداروں کو سوچنا ہوگا ۔اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کو عالمی قانون اور منشور کی روشنی میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا ۔
جموں وکشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کو حق خود ارادیت دینے سے ہی اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی ساکھ بحال ہوسکتی ہے ۔تنازعہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے پرامن اور منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن وترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا ۔حق استصواب رائے کی فراہمی اقوام متحدہ کے قیام اور اس کے منشور کے بنیادی نکات ہیں، ان پر منصفانہ عمل کیاجائے۔



