صنعتی شہر

صنعتی شہر فیصل آباد میں ایک سال کے دوران ایک کھرب 14 ارب کی ریکارڈ سرمایہ کاری

لاہور( گلف آن لائن )پنجاب کے سب سے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد میں ایک سال کے دوران ایک کھرب 14 ارب روپے کی ریکارڈ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔
ایک رپورٹ کے مطابق سال 2021 میں فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔سال 2020 میں فیڈمک میں صرف 2000 لوگوں کو نوکریاں ملیں جبکہ سال 2021 میں یہ تعداد 30 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں مقامی سرمایہ کاری میں 159 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر سال 2020 میں 44 ارب روپے کے مقابلے میں سال 2021 میں ایک کھرب 14 ارب روپے کی ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی۔اسی طرح 2021 میں غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری نے بھی تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، 2020 میں 60 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ 2021 سے اب تک 61 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ہمسایہ دوست ملک چین نے ایم 3 انڈسٹریل سٹی میں 21 جبکہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 5 یونٹ لگائے جبکہ دیگر ممالک نے فیڈمک میں 14 یونٹ لگائے۔علاوہ ازیں ایم 3 انڈسٹریل سٹی میں مجموعی طور پر 85 یونٹ اپنی پروڈکشن کررہے ہیں جبکہ 106 یونٹ زیر تعمیر مراحل میں ہیں، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ایک یونٹ آپریشنل جبکہ 25 سے زائد یونٹ تعمیراتی مراحل سے گزر رہے ہیں۔اس حوالے سے چیئرمین فیڈمک ظفر سرور نے کہا کہ 4 ملین ڈالر سے زیادہ کی مشینری ہماری امپورٹ ہورہی ہے اور اگلا ہدف یہ ہے کہ ہم نے 2022 کے اندر علامہ اقبال کا انفرا اسٹرکچر مکمل کرلینا ہے۔اسی طرح علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ٹیکسٹائل، فوڈ سیرامک، پیکجنگ، اسٹیل مل اور زرعی ادویات کے بڑے کارخانے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں 21 ہزار سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں