وزیر اعظم عمران خان کا کردار وژن رکھنے والے لیڈر کے طور پر نمایاں ہوا ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کردار وژن رکھنے والے لیڈر کے طور پر نمایاں ہوا ہے ،وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے خارجہ پالیسی میں توازن قائم کیا ہے اور خاص طو رپر افغانستان کی وجہ سے خطے کے موجودہ حالات میں مثبت اور موثر کردار نبھایا ہے ،

قومی سلامتی پالیسی کی روشنی میں پاکستان نے جیو اکنامکس کو اپنے قومی سلامتی نظریے کا کلیدی جزو قرار دیا ہے اور مجموعی طو رپر یہ پالیسی ہرلحاظ سے آگے بڑھنے میں معاون ثابت ہو گی ۔

اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جب تک ملک کے تمام ادارے ایک پیج پر نہ ہوں ملک کے اندرونی خاص طو رپر بیرونی چیلنجز سے موثر طریقے سے نبرد آزما نہیں ہوا جا سکتا ،جس کا جو کردار ہے وہ اسے نبھارہا ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئی قومی سلامتی پالیسی دورس نتائج کی حامل ہو گی اور عمران خان جیسے وژن رکھنے والے لیڈر کی قیادت میں ہی اس طر ح کے اقدامات پرپیشرفت ہو سکتی ہے ۔

اس پالیسی کے تحت غیر ملکی افراد سرمایہ کاری کے عوض مستقل رہائشی کا درجہ حاصل کرسکیں گے جس سے نہ صرف یہاں مقیم غیر ملکی بلکہ کئی ممالک کے سرمایہ کار بھی راغب ہوں گے ۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کا اس پالیسی میں موثر انداز میں شامل ہونا ہی اس کی کامیابی ہے اور انشا اللہ یہ بہت سے معاملات میں کامیابی کی بنیاد ثابت ہو گی ۔

انہو ںنے کہا کہ اس پالیسی کے تحت دفاع سمیت مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے بھی نہ صرف اقدامات تجویز کئے گئے ہیں بلکہ اس پر پیشرفت کے راستے بھی بتائے ہیں ،پالیسی کے تحت اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مادر وطن کا دفاع ہر سطح پر ناگزیر ہے اور اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھر پور جواب دیا جائے گا، جعلی اطلاعات اور اثر انداز ہونے والے بیرونی آپریشنز کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا، اطلاعات، سائبراور ڈیٹا سکیورٹی ترجیح اور نگرانی کیلئے استعداد بڑھائی جائے گی جو قومی سلامتی کے لئے نا گزیر ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں