مسرت جمشید چیمہ

قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں،سہولت کاروں کو ڈھونڈ نکالیں گے ‘ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ

لاہور(گلف آن لائن) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کو پاکستان کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،قانون نافذ کرنے والے ادارے لاہورکے تجارتی مرکز میں دہشتگردی کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو ڈھونڈ نکالیں گے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر نہایت افسوس ہے ، اللہ تعالی شہدا ء کو جوار رحمت میں جگہ اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے ،وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور یقین دلاتے ہیں کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو پاکستان میں امن اور ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی ، ایسے عناصر زیادہ دیر آزاد نہیں رہ سکیں گے اور انہیںقانون کے کٹہرے میں لاکر انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم نے پہلے بھی اپنے مضبوط اتحاد سے دہشتگردوں کی سازشوں کو ناکام بنایا اور ایسے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں