گورنرسندھ

گیس کھینچنے کی مشین استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی، گورنرسندھ

کراچی(گلف آن لائن) شہر قائد میں گیس کھینچنے کی مشینیں استعمال کرنے والی صنعتوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گیس سکشن ڈیوائسز استعمال کرنے والی صنعتوں کے گیس کنکشنز منقطع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق کمپنی کی انتظامیہ نے گزشتہ روزگورنر ہائوس کراچی میں تجارتی انجمنوں اور صنعتی اداروں کے وفد سے ملاقات کی۔ملاقات میں دیگر مسائل کے علاوہ بعض صنعتوں کی طرف سے طاقت ور سکشن بوسٹرز کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس کھلم کھلا خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سکشن ڈیوائسز کے استعمال سے کراچی میں گیس کی فراہمی کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے، اور سکشن بوسٹرز کا استعمال گیس کی چوری کے ارتکاب کے مترادف ہے۔ترجمان کے مطابق سکشن بوسٹرز کے ذریعے حاصل کی گئی اضافی گیس ادارے کے میٹرنگ سسٹم اور اس کی پیمائش کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔

ملاقات کے موقع پر سوئی سدرن کی انتظامیہ نے تقریبا 189 صنعتوں کی فہرست پیش کی، جن پر غیر قانونی سکشن ڈیوائسز کے استعمال میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ گورنر نے اس مجرمانہ سرگرمی میں ملوث تمام یونٹس کو فوری طور پر گیس کا کنکشن منقطع کرنے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں