وزیر ریلوے

بہتری لانے کے لیے اگر اوپن مارکیٹ سے پروفیشنلز کی ضرورت ہو تو بلا جھجک لیے جائیں’ وزیر ریلوے

لاہور(گلف آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ محکمے کی آمدن بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں،محکمے میں بہتری لانے کے لیے اگر اوپن مارکیٹ سے پروفیشنلز کی ضرورت ہو تو بلا جھجک لیے جائیں۔وزیر ریلوے محمد اعظم خان سواتی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں اعلی سطحی اجلاس ہوا ۔اجلاس میں سیکرٹری چیئرمین ریلویز حبیب الرحمن گیلانی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ریلویز نثار احمد میمن سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر ریلوے کو ذیلی ادارہ پراکس کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوںپر پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ٹریک پر غیر ضروری رکاوٹوں کے خاتمے، ٹرین سیفٹی، واپڈا کے ذریعے بجلی کے میٹروں کی تنصیب، ریلوے سگنلنگ سسٹم سے متعلق امور کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پراکس کو کہا کہ آپ آزادانہ طور پر کام کریں اور میرٹ کو یقینی بنائیں۔ محکمے کی آمدن کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں،محکمے میں بہتری لانے کے لیے اگر اوپن مارکیٹ سے پروفیشنلز کی ضرورت ہو تو بلا جھجک لیے جائیں،ریلوے کی کارکردگی میں واضح تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں