مسافر بس

چلاس،مسافر بس کھائی میں جا گری، 20 افراد جاں بحق، درجن سے زائد شدید زخمی

چلاس(نمائندہ خصوصی) چلاس میں مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق، 22 شدید زخمی ہو گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق بس کو حادثہ چلاس کے علاقے شاہراہ قراقرم پر یشوکھل داس کے مقام پر پیش آیا جہاں راولپنڈی سے ہنزہ جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر اچانک کھائی میں جا گری، حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار تمام افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں 20 کے قریب مسافر دم توڑ گئے جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کر دی۔ ترجمان وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے حادثے میں 20 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بس کو حادثہ یشوکھل داس کے قریب موٹ کاٹتے ہوئے پیش آیا، بس میں 35 سے زائد مسافر سوار تھے، چلاس ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شاہراہ قراقرم پر چلاس کے قریب پریشو کھل داس کے مقام پر بس حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی، وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حادثے میں جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا، ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالی جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر جمیل اور زخمی افراد کو جلد صحتیاب فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں