معاون خصوصی حسان خاور

اپوزیشن صرف ڈگڈگی بجا رہی، ان کے ہاتھ کچھ نہیں ہے’معاون خصوصی حسان خاور

لاہور( گلف آن لائن)معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں یونیورسل ہیلتھ کارڈ کے اجرا ء کے بعد پنجاب کے 73 فیصد افراد ہیلتھ انشورنس کے دائرے میں شامل ہو چکے ہیں، 31 مارچ تک یہ شرح 100 فیصد ہو جائے گی،پنجاب کی سوشل ڈویلپمنٹ میں یہ اقدام ایک انقلابی منصوبہ ہے جس سے لوگوں کے چہروں پر اطمینان دیکھنے کو مل رہا ہے، لوگ فخر کے ساتھ نجی ہسپتالوں سے علاج کروا رہے ہیں اس ضمن میں وزیر اعلی پنجاب نے 400 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کر رکھی ہے۔ وہ گزشتہ روز الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری کے بعد سے یونیورسل ہیلتھ کوریج کا بہترین رسپانس مل رہا ہے۔ اب تک 1700 کروڑ کے کلیم آ چکے ہیں جبکہ ہسپتالوں میں علاج کی غرض سے 83 ہزار سے زائد داخلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیصل آباد میں اس سکیم کا اجرا ہونے کے بعد اب 2 کروڑ 20 لاکھ خاندان اس سسٹم کا حصہ بن چکے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ محکمہ صحت نے پیلتھ سسٹم کی بہتری کیلئے بہت کام کیا ہے۔ محکمہ صحت نے مجموعی طور پر 593 ہسپتال پینلائز کئے ہیں جبکہ مزید 96 ہسپتالوں سے اس حوالے سے گفت و شنید جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے 138، فیصل آباد کے 90، راولپنڈی کے 56، سرگودھا کے 3، بہاولپور کے 99 اور ڈی جی خان کے 65 ہسپتال ان پینل ہو چکے ہیں جبکہ 134 سرکاری ہسپتال بھی اس دائرے میں شامل ہیں۔ انہی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ نجی سیکٹر نئے ہسپتال بنا رہا ہے جبکہ بیشتر ہسپتال نئی مشینری بھی خرید رہے ہیں۔

حسان خاور نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ یہی چیز اپوزیشن کو چبھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے سوچا بھی نہیں تھا کہ صحت کے شعبہ میں یوں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔ اسی لئے وہ حکومت کے خلاف ایک دوسرے کے دروازے پر جا جا کر مدد مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ اور وہ کسی سیاسی سازش کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ حسان خاور نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی طور پر زندہ رہنے کیلئے عمران خان کی مخالفت کر رہی ہے۔ یہ ایسی باتوں سے اپنے کارنامے چھپانا چاہتی ہے لیکن انہیں اکائونٹس میں رقوم کی منتقلی کا حساب دینا ہوگا۔ اس کے بغیر یہ منی لانڈنگ کے کیس سے پیچھا نہیں چھڑوا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ سے بدترین انتقام لے رہی ہے۔ سندھ کی عوام ترقی کو ترس رہی ہے مگر پیپلز پارٹی انہیں ترقی کے سفر پر ساتھ لے کر چلنے کو تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بیانیہ دم توڑ رہا ہے۔

اپوزیشن صرف ڈگڈگی بجا رہی ہے ورنہ ان کے ہاتھ کچھ بھی نہیں ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے حوالے سے لاہوریوں میں جوش و خروش پایا جارہا ہے۔ اس ایونٹ کے ذریعے ہم نے ثابت کرنا ہے کہ ملک انٹرنیشنل کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سیکورٹی ہر لحاظ سے ہماری ترجیح ہے۔ ایسے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں لیکن ہمیں انہیں برداشت کرنا ہے اور جوش و خروش کے ساتھ پی ایس ایل میں شرکت کرنی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں