فواد چوہدری

مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف جگہ جگہ بھٹک رہے ہیں ،فواد چوہدری

پنڈدادنخان (گلف آن لائن) وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اور شہباز شریف جگہ جگہ بھٹک رہے ہیں ،جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق ہوا، ہماری کمر ٹوٹی، ملک ان کے حوالے کیسے کیا جا سکتا ہے؟، جب تک یہ لوگ قوم کا پیسہ واپس نہیں کر دیتے، پاکستان کے عوام قطعی طور پر نواز شریف اینڈ کمپنی کو معاف نہیں کریں گے،بلاول بھٹو پہلے میئر کا انتخاب لڑنا سیکھیں، ان سے نہ تیر چلے گا نہ تلوار ، یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتوں سمیت اہم سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف جگہ جگہ بھٹک رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پنجابی کی کہاوت ہے (اردو ترجمہ) قربان جائوں اس تھانیدار پر جس نے ماں کی یاد دلا دی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ قربان جائوں عمران خان پر جس نے آج ان سب چوروں کو اکٹھا کر دیا ہے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ یہ سب چور اکٹھے ہیں اور آج سب نے دیکھ بھی لیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بیٹے کئی سالوں سے لندن میں بیٹھے ہیں، ان کے اپارٹمنٹس، بلڈنگز اور گاڑیاں سب کے سامنے ہیں، آخر ان کا خرچہ کون اٹھا رہا ہے؟۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمارا نواز شریف سے ذاتی جھگڑا نہیں، ہم صاف ستھری بات کرتے ہیں کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ قوم کو واپس کیا جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ وہ پیسہ ہے جو پاکستان کے عوام سے چوری کیا گیا، ایک ٹی وی پروگرام میں کہا جا رہا تھا کہ مہنگائی بہت ہو گئی ہے، میں نے کہا کہ مہنگائی جن کی وجہ سے ہوئی ہے کیا انہیں پاکستان واپس کر دیں؟۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق ہوا، ہماری کمر ٹوٹی، ملک ان کے حوالے کیسے کیا جا سکتا ہے؟۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف اور اسحاق ڈار باہر بیٹھے ہوئے ہیں، ان کی جرات نہیں کہ وہ پاکستان آ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں، نواز شریف نے ہائیڈ پارک، لندن کے سامنے ایک ارب ڈالر کی پراپرٹی بنائی۔ انہوںنے کہاکہ مقصود چپڑاسی، مسرور احسن اور منظور پاپڑ والا کے اکائونٹوں سے اربوں روپے شہباز شریف اینڈ فیملی کو منتقل ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ انہوں نے پاکستان کے عوام، مزدور اور تاجر کو لوٹا ہے، آج لوگ کس منہ سے نواز شریف اینڈ کمپنی کا ساتھ دے رہے ہیں؟ ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک یہ قوم کا پیسہ واپس نہیں کر دیتے، پاکستان کے عوام قطعی طور پر نواز شریف اینڈ کمپنی کو معاف نہیں کریں گے، ہم نے اپنے حلقہ کے عوام سے جو وعدے کئے، پورے کئے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ افسوس اس بات کا ہے کہ ماضی میں پنڈ دادنخان تحصیل کے ستر سال ضائع کر دیئے گئے، ساڑھے تین سال پہلے جب اقتدار میں آیا تو ہر کام نئے سرے سے شروع کرنا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ یہاں گلیاں اور سڑکیں موجود نہیں تھیں، علاقے میں پینے کا پانی دستیاب نہیں تھا، سکول اور ڈاکٹرز نہیں تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ضلع جہلم میں 47 ڈاکٹرز تھے، آج الحمد اللہ جہلم میں 800 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کی، پاسپورٹ آفس جہلم میں تھا، ہم پنڈ دادنخان کے اندر پاسپورٹ آفس لائے، ای او بی آئی کا دفتر بھی یہاں قائم کیا۔ وفاقی زیر نے کہاکہ دارا پور کے دوست اپنا گھر جہلم لے گئے، ان سے نہ تو پاسپورٹ آفس آیا، نہ پل آیا، نہ سڑک آئی، نہ سکول اور کالج آیا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ میں نے حلقے کے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ اپنا نمائندہ اسے چنیں جو ان کا شملہ اونچا کر سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے آدمی کا انتخاب نہیں کیا جانا چاہئے جو دوسروں کے کندھوں پر بیٹھ کر سمجھے کہ میرا قد اونچا ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن بھی آج کل یہی کر رہی ہے، اس کا اپنا کوئی قد نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول کو پتہ ہے کہ وہ جہلم اور پنڈی سے چند سو بندے اکٹھے نہیں کر سکتے اس لئے وہ فضل الرحمان کے کندھے پر چڑھ کر مدرسے کے بچوں کے بل بوتے پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بلاول سے کہتا ہوں کہ وہ زرداری کی سیاست نہ کریں، وہ بے نظیر بھٹو اور اپنے نانا کی سیاست کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست وہ ہوتی ہے جو اپنے قد اور طاقت کے ذریعے کی جائے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو پہلے میئر کا انتخاب لڑنا سیکھیں، یہاں تقریریں کرنے سے انہیں ووٹ نہیں ملنے، نہ ہی پیپلز پارٹی کی سیاست مولانا فضل الرحمان کو ٹھیکے پر دینے سے ووٹ ملیں گے، اپنی سیاست خود کرنا پڑے گی۔

انہوںنے کہاکہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو کا خیال ہے کہ مولانا کے مدرسوں کے بچے آئیں گے اور اپنے کندھوں پر اٹھا کر انہیں بڑا کر دیں گے، کیا کبھی اس طرح بھی سیاست ہوئی ہے؟ ۔انہوںنے کہاکہ نہ تیر چلے گا نہ تلوار ان سے، یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ انہوں نے سات مرتبہ عمران خان کو گرانے کی کوشش کی، عمران خان کا اللہ تعالیٰ محافظ ہے، یہ عمران خان کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہاکہ آج الحمد اللہ عمران خان جب بات کرتے ہیں تو وہ نواز شریف کی طرح چٹ نکال کر بات نہیں کرتے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان جب بات کرتے ہیں تو دنیا ان کی بات سنتی ہے، آج 23 سال کے بعد پاکستان کا کوئی وزیراعطم روس جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کے وزیراعظم کی آواز مسلم امہ کی آواز سمجھی جاتی ہے، یہی وہ قد ہے جو پاکستان کے لوگ اپنے وزیراعظم میں دیکھنے کی توقع کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ آج جب وزیراعظم رسول اللہۖ کی عزت و ناموس کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بات کرتے ہیں تو پوری مسلم دنیا ہی نہیں پورا مغرب بھی ان کی بات سنتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ روس کے صدر پیوٹن بھی کہتے ہیں کہ اسلام کو جس طرح سے پیش کیا جا رہا ہے وہ غلط ہے، اور ان کا یہ بیان اس وقت آتا ہے جب عمران خان کی تقریر آتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں