وزیر خزانہ شوکت ترین

وزیر خزانہ شوکت ترین نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ، آٹھ نکاتی ایجنڈا منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر خزانہ شوکت ترین نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل جمعرات کو طلب کرلیا ،اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈا منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ملک میں بلدیاتی انتخابات, الیکٹورل رولز کیلئے فنڈز کی سمری پیش کی جائے گی، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فنڈز کیلئے حکومت سے رجوع کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپلمنٹری گرانٹ کی مد میں 18ارب36 کروڑ47 لاکھ روپے مانگے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کی بلڈنگ, ججز ریذیڈنسیز کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ روپیاضافی فنڈز پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کیلئے اضافی فنڈز کی سمری پیش کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اضافی فنڈز کیلئے ایوی ایشن ڈویژن کی سمری بھی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق سر سید سکول اینڈ کالج آف سپیشل ایجوکیشن کیلئے گرانٹ کی تجویز پر غور کیا جائے گا، وزارت ہاؤسنگ کیپٹل آؤٹ لے آن سول ورکس کیلئے گرانٹ کی سمری پیش کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق آئی پی پیز کی طرح حکومتی پاور پلانٹس کو ادائیگیوں سے متعلق معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے ،ملک میں آکسیجن گیس کی بلاتعطل فراہمی سے متعلق سمری پیش کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں