ایم کیوایم پاکستان

عدم اعتماد کی کوششوں کو بے سود ہیں،اپوزیشن کی ملاقاتیں چائے کی پیالی میں طوفان کے سوا کچھ نہیں،ایم کیوایم پاکستان

کراچی(گلف آن لائن)حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے عدم اعتماد کی کوششوں کو بے سود کہتے ہوئے اپوزیشن کی ملاقاتوں کو چائے کی پیالی میں طوفان قرار دیدیا۔ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وفاقی آئی ٹی سید امین الحق نے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گرائونڈ پر کوئی چیز موجود نہیں، ساڑھے تین سالوں میں اپوزیشن نے جتنی بھی کوششیں کیں وہ بھی ناکام ہوئیں۔

اس حوالے سے میڈیا پر صرف شورشرابا کیا جارہا ہے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن نمبر گیم میں کہیں نظر نہیں آرہی، پی ڈی ایم کو کس نے توڑا سب عوام کو معلوم ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے وفد نے مولانا فضل الرحمن، اے این پی، لاہور میں ق لیگ اور ن لیگ کی قیادت سے ملاقاتیں کیں لیکن کسی بھی ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی بلکہ ان ملاقاتوں کا مقصد سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے کالے قانون کے حوالے سے ایم کیو ایم کے موقف کی حمایت پر ان جماعتوں کا شکریہ ادا کرنا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بطور وزیر آئی ٹی کے دفتر میں بیٹھنا اس بات کی نشاندہی ہے کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارا خیال ہے کہ 2018 کے انتخابات میں جس جماعت نے حکومت بنائی اس کو پانچ سال مکمل کرنے چاہئیں، تاہم اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے رابطہ کیا تو مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کیا جائیگا۔

مہنگائی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں امین الحق نے کہاکہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے مگر اس بات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 94 ڈالر فی بیرل تک تھیں، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں