لاہور چیمبر

لاہور چیمبر ،پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن، بی ٹو بی میڈیا ،پاکستان کیمسٹری کونسل کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

لاہور(گلف آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن، بی ٹو بی میڈیا (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور پاکستان کیمسٹری کونسل کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیںجن کا مقصدبزنس کمیونٹی کے لئے نمائشوں، بی ٹو بی میٹنگز،میچ میکنگ کانفرنسز اور دیگر ایونٹس کے ذریعے کاروباری مواقعوں پیدا کرنا ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر اور پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن، بی ٹو بی میڈیا اور پاکستان کیمسٹری کونسل کے چیئرمین معظم رشید نے ایم او یوز پر دستخط کیے جبکہ سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاہدے کے مطابق، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن، بی ٹو بی میڈیا (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور پاکستان کیمسٹری کونسل ایک دوسرے کے صنعتکاروں ، تاجروں اور دیگر کاروباری افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے جبکہ وہ تجارت، صنعت اور برآمدات پر مبنی سرگرمیوں کے لیے تنظیموں کے باہمی روابط کو بھی بہتر بنائیں گے۔

اس کے علاوہ متعلقہ علاقوں میں صنعتی اور تجارتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے افرادی قوت کی فراہمی کے حوالے سے تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے ہمیشہ بہترین نتائج برآمد ہوتے ہیں یہی وجہ ہے کہ لاہور چیمبرنے بہت سے چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کیے ہیں۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ کوٹنگ انڈسٹری جس کا پینٹ سیکٹر میں بڑا حصہ ہے اسے حکومت برآمدی صنعت کا درجہ دے اس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور ملک میں قیمتی زرمبادلہ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس صنعت کو پاکستان کے برآمدی شعبوں کا حصہ بنایا جائے اور حکومت کی جانب سے مراعات فراہم کی جائیں توکم وقت میں اس شعبہ کی برآمدات میں کئی گناہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر معظم رشید نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ اس ایم او یو سے بہت مفید اور دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں