شاہنواز دھانی

پیرس اولمپکس میں دوڑنے کا سوچ رہا ہوں، شاہنواز دھانی

لاہور (گلف آن لائن) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز میں شامل دراز قد فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے کہا ہے کہ پیرس اولمپکس میں 400 میٹر کی ریس میں دوڑنے کا سوچ رہا ہوں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں وکٹیں لینے کے بعد شاہنواز دھانی کی خوشی کے اظہار کے طور پر دوڑنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔نور احمد کی وکٹ لینے کے بعد شاہنواز دھانی بھاگتے ہوئے مخالف ٹیم کے ڈگ آف کے سامنے پہنچے اور سر ویون رچرڈز کو سلام پیش کیا جس پر انہوں نے بھی مسکرا کر دہانی کو داد دی۔

اگلی ہی گیند پر نسیم شاہ کی وکٹ لینے کے بعد شاہنواز دھانی دوبارہ دوڑے تو امپائر علیم ڈار نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی لیکن دھانی بھاگتے ہوئے دوبارہ گلیڈی ایٹرز کے ڈگ آؤٹ کے پاس پہنچ گئے اور ایک بار پھر سر ویون رچرڈز سے داد وصول کی۔

شاہنواز دہانی کے اس عمل کو جہاں کمنٹیٹرز اور گراؤنڈ میں میچ دیکھنے والے شائقین نے پسند کیا وہیں سوشل میڈیا پر بھی فاسٹ بولر کے انداز کے چرچے ہو رہے ہیں۔اب اس معاملے پر شاہنواز دھانی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر نے ایک ویڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ 2024 میں ہونے والے پیرس اولمپکس میں 400 میٹر کی ریس میں دوڑنے کا سوچ رہا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں