آفریدی

جارح مزاج کے بلے باز شاہد آفریدی کو اپنے ہونے والے داماد شاہین شاہ آفریدی میں اپنی جھلک نظر آنے لگی

لاہور( گلف آن لائن ) جارح مزاج کے بلے باز شاہد خان آفریدی کو اپنے ہونے والے داماد شاہین شاہ آفریدی میں اپنی جھلک نظر آنے لگی ۔لاہور قلندرز کے کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان سپر لیگ 7 کے 30 ویں میچ میں شاندار اننگز کھیلی جس نے شاہد آفریدی کی یادیں تازہ کردیں۔قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا جہاں لاہور کی ٹیم 159 رنز کے تعاقب میں مشکلات کا شکار نظر آئی وہیں شاہین آفریدی نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور 158 کرکے برابر کردیا۔شاہین آفریدی نے 20 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل ہیں۔

شاہین نے آخری اوور میں ایک چوکا اور 3 چھکے لگاکر میچ برابر کیا جس سے میچ سپر اوور میں جا پہنچا۔ کرکٹر کے اس دلیر انداز نے جہاں شائقین کرکٹ کو متاثر کیا وہیں اپنے ہونے والے سسر اسٹار آل رائونڈر شاہد خان آفریدی سے بھی داد سمیٹی۔شاہد آفریدی نے اپنے ماضی اور شاہین کی ایک ہی انداز کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی رمیز راجہ کے انداز میں لکھتے ہوئے شاہین کی اننگز کو خوبصورت قرار دیا۔شاہین کے اس جارحانہ انداز سے مداح خوب محظوظ ہوئے اور انہوں نے شاہین کو مستقبل کا شاہد آفریدی قرار دیا۔اداکار و یوٹیوبر ارسلان نصیر نے ٹوئٹ کی کہ شاہین آفریدی سسر والی اننگز کھیل رہے ہیں۔کئی صارفین نے شاہین آفریدی کو آل رائونڈر کہا اور اس سیزن کا سپر اوور ہونے کی وجہ بھی شاہین کو قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں