شہباز شریف

27 فروری کو پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا ہم سے جو ٹکرائے گا ، پاش پاش ہوجائے گا، شہباز شریف

اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے دفاع وطن کیلئے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ 27 فروری کو پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم سے جو ٹکرائے گا ، پاش پاش ہوجائے گا۔

27فروری 2019کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے سبق ہے کہ ہم اپنی پوری تیاری رکھیں،مضبوط معیشت، دفاع اور قومی یک جہتی ہمارے دفاعی حصار ہیں۔انہوں نے کہا کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش لیکن قابل فخر دن ہے، آج کے دن پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم سے جو ٹکرائے گا ، پاش پاش ہوجائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ اس دن اللہ تعالی نے پاکستان کو فتح سے سربلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ بالاکوٹ کی بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیاء اور دنیا کے امن وخطرے سے دوچار کیا، نپی تلی مؤثر جوابی کارروائی سے پاکستان نے ذمہ دار، خودمختار ملک ہونے اور اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ اور اپنے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے، پاکستان کی افواج نے دنیا کو دکھایا کہ ہماری امن پسندی ہماری کمزور نہیںانہوںنے کہاکہ افواج پاکستان شیر دلیر اورجذبہ ایمانی سے لیس ہیں، پوری قوم اپنے شیروں کے ساتھ ہے، بھارتی طیارے مارگرانے اور پیشہ وارانہ قابلیت کا لوہا منوانے والے جانباز شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جس کے اپنے آہنی ولولے، جذبے اوربے مثال اتحادسے اس دن کو تاریخ کا سنہرا دن بنادیاانہوںنے کہاکہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھا، ہے اور رہے گا۔سال 2019 میں 27 فروری کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور ان کا پائلٹ ابھی نندن بھی گرفتار کرلیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں