اشرف بھٹی

تجاوزات کے سنگین ہوتے مسئلے کے حل کیلئے پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت اور انتظامیہ سے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کا مسئلہ اتنی سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے کہ اس کیلئے باضابطہ پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے ،ضلعی انتظامیہ کاانسداد تجاوزات کاشعبہ محض خانہ پری کیلئے کارروائیاں کرتا ہے اوراس کے ذریعے بھی رشوت کا بازار گرم کیا جاتا ہے ، انار کلی سمیت جہاں جہاں پارکنگ پلازوں کی ضرورت ہے وہاںفوری تعمیر شروع کی جانی چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری جنرل محبوب علی سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، سینئر نائب صدر میاں سلیم، جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ،چیئر مین انجمن تاجران لاہور حافظ عطا اللہ ، وائس چیئرمین ملک ناظم اورمختلف مارکیٹوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔اشرف بھٹی نے کہا کہ تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے ہزاروں اور لاکھوں روپے کرائے بھرنے والے تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ ہم ہرگز کسی کے روزگار کے خلاف نہیں اس لئے حکومت ان کے کاروبار کے لئے جگہ کا انتظام کرے ۔تجاوزات کی وجہ سے تحریب کاری کے بھی متعد واقعات ہو چکے ہیں اس لئے موثر اور جامع پالیسی بنائی جائے ۔ حکومت اور انتظامیہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھرپور آپریشن شروع کرے اور اس کے ساتھ پارکنگ پلازوںکی تعمیر کے لئے بھی پیشرفت کی جائے ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں