انتخابی ضابطہ اخلاق

الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کے 25 مارچ کے مجوزہ دورہ مانسہرہ اور جلسہ عام کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد(گلف آن لائن)الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کے 25 مارچ کے مجوزہ دورہ مانسہرہ اور جلسہ عام کا نوٹس لے لیا۔مانسہرہ میں الیکشن کمیشن کے مانیٹرنگ آفیسرحیات اللہ جان مروت نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو خط لکھا جس میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ مانسہرہ اور جلسے سے خطاب انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔

خط میں کہا گیا کہ صوبائی انتظامیہ تمام متعلقہ افراد کو اس دورے سے باز رکھنے کے لیے اقدامات کرے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹوزرداری کو بھی نوٹس دے دیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر مالاکنڈ کی طرف سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کے تحت بلدیاتی انتخابات کے دوران جلسوں،ریلیوں کی اجازت نہیں،ضابطہ اخلاق پر عمل کرتے ہوئے جلسہ نہ کریں ورنہ قانون کے تحت کارروائی ہو گی، بلاول بھٹو زرداری کا 23مارچ کو درگئی مالاکنڈ میں جلسہ شیڈول ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ،مراد سعید ،صوبائی وزراء ڈاکٹر امجد علی،محب اللہ پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم سمیت وزرا ء کو جرمانہ 16 مارچ کو سوات میں جلسہ کرنے پر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات والے اضلاع میں وزیراعظم عمران خان کو جلسوں میں شرکت سے روکا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں