لوڈشیڈنگ

لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں’میاں نعمان کبیر

لاہور(گلف آن لائن ) لاہور چیمبر آف کامرس نے بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے لوڈ شیڈنگ کو جلد ختم کرنے کا اعلان اچھا ہے لیکن فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس کی وجہ سے تمام شعبہ جات متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بندش، ڈسٹری بیوشن سسٹم کے مسائل اور بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں نے صورتحال پیچیدہ بنا دی ہے جو متعلقہ حکام کی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ معاشی ترقی میں توانائی کی دستیابی کا کردار بہت اہم ہے، تیز تر اقتصادی ترقی کے لیے سستی بجلی اور اس کی بلاتعطل فراہمی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی ایک اہم اقتصادی اشاریہ بھی ہے اور اس کی دستیابی یا قلت مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی منصوبہ بندی پر اثر انداز ہوتی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ طلب و رسد کے درمیان فرق کی ایک بڑی وجہ بجلی کی پیداوار کے لیے فوسل فیول پر انحصار بھی ہے۔ موجودہ معاشی صورتحال میں پاکستان بجلی کی پیداوار کے لیے مہنگا تیل درآمد کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا لہذا متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھائی جائے جس سے تیل کے درآمدی بل میں زبردست کمی آئے گی اور درآمدات اور برآمدات کے درمیان فرق بھی کم ہو جائے گا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے بجلی کے ضیاع کو روکنے اور لوگوں میں شعور و آگہی پیدا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں