شیری رحمان

تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ میں اسلام آباد سمیت بڑے شہروں کو جام کرنے کی حکمت عملی افسوس ناک ہے، شیری رحمان

اسلام آباد (گلف آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف کی لانگ مارچ کی حکمت عملی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ میں اسلام آباد سمیت بڑے شہروں کو جام کرنے کی حکمت عملی افسوس ناک ہے۔

اپنے بیان میں سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ عمران خان پھر ملک کو 2014 کی سیاست کی طرف لے کر جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے 27 فروری کو کراچی سے عوامی لانگ مارچ کا آغاز کیا۔انہوںنے کہاکہ 8 مارچ کے دن لاکھوں کا قافلہ اسلام آباد پہنچا، ہم نے تاریخی لانگ مارچ میں کسی بھی گاؤں یا شہر کو جام نہیں کیا۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ میں ایک گملہ نہیں ٹوٹا ، تحریک انتشار والے کہتے ہیں ان کا لانگ مارچ خونی ہوگا ۔سینیٹر شیری رحمن نے کہاکہ عمران خان اور ان کے ساتھی احتجاج کی نہیں انتشار کی کال دے رہے ہیں، یہ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ احتجاج کرنے کا ایک آئینی اور اخلاقی طریقہ ہوتا ہے، آپ جلسوں میں لوگوں کو تشدد اور انتشار پر اکسا رہے ہیں۔ شیری رحمن نے کہاکہ اپنی سیاست بچانے کے لئے عمران خان ملک میں ایک خطرناک رجحان پیدا کر رہے ہیں، ”عالمی سازش”کا بیانیہ بے نقاب ہونے کے بعد تحریک انصاف ملک کو انتشار کی طرح دھکیل رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں