وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز

آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعاً برداشت نہیں،انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھے’حمزہ شہباز

لاہور(گلف آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز صوبے کے عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے متحرک ہو گئے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ حمز ہ شہباز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے خود اضلاع کے سرپرائز وزٹ کا فیصلہ کیا ہے اور چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی فیلڈ کے دوروں کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ آفس میں چیف منسٹر پرائس کنٹرول سیل قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے کر ازسر نو فعال کر دیا گیا ہے۔ فوکل پرسن عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر یقینی بنانے میں متحرک کردار کریں گے۔گھی،آٹے،چینی،چکن اوردیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو گا۔

آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ مہنگائی کی جو بھی وجہ ہو، مجھے پریشان عوام کو ریلیف دینا ہے اور غیر معمولی حالات فوری اقدامات کے متقاضی ہیں۔ عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدار ت آج ماڈل ٹاؤن میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

سیکرٹری صنعت نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے بارے بریفنگ دی ۔ اراکین پنجاب اسمبلی سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، ذیشان رفیق، ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں