ہمایوں اختر خان

ماضی میں سیاست سے لا تعلق رہنے والے بھی عمران خان کی انقلابی جدوجہد کاحصہ بن گئے ہیں’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوںاخترخان نے کہا ہے کہ ماضی میں جولوگ سیاست سے قطعی لا تعلق اور ووٹ کا حق استعمال نہیں کرتے تھے آج وہ بھی عمران خان کی ملک کی حقیقی آزادی اور خودمختاری کی انقلابی جدوجہد کاحصہ بن گئے ہیں ،یہ پہلا موقع ہے کہ صرف عوام سے قربانی نہیں مانگی جارہی بلکہ تحریک انصاف کی ہر سطح کی قیادت عوام کے شانہ بشانہ ہے اور ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے آگے آگے ہے،لانگ مارچ میں بھی ہم عوام کے آگے ہوں گے اور اگر حکومت نے غیر جمہوری ہتھکنڈے آزمائے تو ہم سب سے پہلے گرفتاری دیں گے لیکن پاکستان کو حقیقی آزادی اورخودمختاری دلانے کیلئے چلنے والاقافلہ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے131میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ورکرزکنونشن میں سابق وفاقی وزیر حماد اظہر ،ناصر جٹ ایڈووکیٹ سمیت حلقے کے اکابرین،پارٹی رہنمائوں،کارکنوں اورعوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پورے ملک میں خاموش انقلاب آ چکاہے اورامپورٹڈحکمران بھی اس کی آہٹ کو محسوس کر رہے ہیں ،انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ عام انتخابات میں عوام کا سامنا کیسے کریں گے۔عمران خان نے جس جدوجہد کا علم بلند کیا ہے ان شا اللہ آئندہ عام انتخابات میں ہمارے سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے عمران خان کی کال پر اسلام آباد پہنچنا ہے اور ہر تحریک میں کلیدی کردار اداکرنے والے شہر لاہور سے روانہ ہونے والاقافلہ اس بار بھی حقیقی تبدیلی میں اپنا موثر کردار ادا کرے گا۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو شعور دیا اور آج عوام سوال پوچھتے ہیں کہ جو شخص ملک کے ساتھ مخلص ہے اس کی جگہ وہی شکلیں کیوں ہم پر مسلط ہوگئی ہیں جو گزشتہ چھ دہائیوںسے اس ملک کے حاکم ہیں اور کبھی بھی اس ملک کی حالت نہیں بدل سکتے ،آج ملک پر وہی ٹولہ مسلط ہے جس نے ملک کوتباہی کی دلدل میں دھکیلنے میں کردار ادا کیا ۔
٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں