مسرت چیمہ

حقیقی آزادی کی جدوجہد سے دستبردار ہوئے نہ حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونگے’ مسرت چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ کا کام ملک کے اندر امن و امان کا قیام ہوتا ہے جبکہ رانا ثنا اللہ خان اس وقت وزیر انتشار کا کردار نبھا رہے ہیں متنبہ کرتے ہیں کہ ،ایک ووٹ کی اکثریت والی امپورٹڈ حکومت انتقامی کارروائیوں سے باز رہے ،کورونا کی بد ترین وباء کے باوجود اتنی مہنگائی تحریک انصاف کے پونے چار سالہ دور میں نہیں ہوئی جتنی امپورٹڈ حکومت نے چند ہفتوںمیں کر دی ہے ،حقیقی آزادی کی جدوجہد سے دستبردار ہوئے ہیں اور نہ جابر حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوں گے۔

اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گیارہ جماعتی اتحاد عوام کے مسائل حل کرنے نہیں بلکہ اپنے کیسز ختم کرنے کیلئے حکومت میں آیا ہے ۔ اس وقت دو نام نہاد تجربہ کار وزرائے اعظم اور دو وزرائے خزانہ کام کر رہے ہیں لیکن ملک اور عوام کے مسائل کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہے ہیں ۔ شہباز شریف کی ساری توجہ صرف خود نمائی اور نمائشی منصوبوں کے افتتاح کرنے پر مرکوز ہے جبکہ عوام چند ہفتوں میں تین سے ایک وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والے جتنے بھی سیاسی جن بھوت ہیں تحریک انصاف بہت جلد انہیں دوبارہ بوتل میں بند کر دے گی ۔تحریک انصاف نے آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر کام شروع کر دیاہے اور سازشی ٹولے کیلئے کسی بھی جگہ میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں