رمیز راجہ

ہماری ٹیم کا یہ حساب ہے جیسی حریف ٹیم ہوتی ویسے ہی بن جاتے ہیں، اس ٹیم پر آپ بھروسہ نہیں کرسکتے،چیئرمین رمیز راجہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کرکٹ بوردکے چیئرمین رمیز راجہ کی چیف سلیکٹر اورپروڈکشن سٹاف سے گفتگو کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے چیف سلیکٹر اور پروڈکشن اسٹاف سے گفتگو ویسٹ انڈیز کے خلاف چیئرمین باکس میں پہلے ون ڈے میچ دیکھتے ہوئے کی۔نجی ٹی وی کے مطابق پروڈکشن کمپنی کے ہیڈ نے رمیز راجہ سے کہا کہ ویسٹ انڈیز کو ہم آسانی سے شکست دے دیں گے جس پر رمیز راجہ بولے ہماری ٹیم کا یہ حساب ہے جیسی حریف ٹیم ہوتی ویسے ہی بن جاتے ہیں، اس ٹیم پر آپ بھروسہ نہیں کرسکتے، یہ نہ ہو الٹا رزلٹ ہمارے ساتھ آجائے۔چیف سلیکٹر محمد وسیم سے دوران میچ گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا میں اپنی مدت پوری کروں گا چاہے جو مرضی ہوجائے، نجم سیٹھی اب چیئرمین بننے کا صرف خواب دیکھتے رہیں گے، رمیز راجہ کا کہنا تھا بھارتی لیگ کی پروڈکشن زبردست جبکہ ہماری پروڈکشن بہت خراب ہے۔

انہوں نے چیف سلیکٹر کو ہدایت کی کہ جب تک حارث رئوف لائن لینتھ بہتر نہیں کرتا تب تک اسکو ٹی ٹونٹی میچز کھلائے جائیں، حارث رئوف کو کہیں لائن لینتھ سیکھ کر آئے پہلے پھر اس کو ون ڈے میچ میں شامل کیا کریں۔ محمد حارث اب نیا وکٹ کیپر بیٹر آگیا ہے سرفراز کا کیرئیر اس کے بعد زیادہ طور پر ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔رمیز راجہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پشاور زلمی کا مالک جاوید آفریدی آجکل بہت بول رہا ہے، جاوید آفریدی کہتا ہے پشاور اسٹیڈیم اچھا بنا رہے ہیں، میں نے اسٹیڈیم دیکھا بہت ہی برا اسٹیڈیم ہے سب کچھ لو کوالٹی کا لگوارہے، پی ایس ایل 8 کے میچز پشاور نہیں کروائے جائیں گے،پی ایس ایل کے میچز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں ہوں گے پشاور تیار نہیں ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے ملتان اسٹیڈیم کی ڈیجیٹل اسکرین تبدیل کرنے کا حکم بھی دے دیا، پروڈکشن کمپنی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف بقیہ میچز کی پروڈکشن بہتر بنابے کی ہدایت کی۔ ملتانیوں کا حوصلہ ہے وہ میچ دیکھنے پہنچے، ملتان کو ہر سیریز میں میچز دئیے جائیں گے۔رمیز راجہ نے ہدایت کی کہ پاکستان جونیئر لیگ کو زیادہ سے زیادہ پروموٹ کیا جائے، اس کی تاریخوں کا اعلان کریں، جونیئر لیگ کو منی پی ایس ایل بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں