کارپٹ ایسوسی ایشن

وزیر اعظم کے برآمدی صنعتوں کے خام مال پر ٹیکسزختم کرنے کے اعلان پر بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے’ کارپٹ ایسوسی ایشن

اسلام آباد/لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے آئند ہ مالی سال کے بجٹ کومشکل حالات میں متوازن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو دبائو سے نکالنے کیلئے برآمدات سے جڑے شعبوں کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہوگا،وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکسزختم کرنے کے اعلان پر بلا تاخیر عملدرآمد ہونا چاہیے ۔ ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وائس چیئرمین اعجاز الرحمان، سینئر ایگزیکٹوممبر ریاض احمد،سعید خان،عثمان اشرف، محمد اکبر ملک سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ دستاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ عبداللطیف ملک نے کہا کہ حکومت نے دستیاب وسائل میں بہترین بجٹ پیش کیا ہے تاہم معیشت کی ترقی کیلئے انقلابی فیصلے بھی نا گزیر ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کئے بغیر معیشت کو مضبوط بنیادیں مہیا نہیں ہوسکتیں اس کے لئے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت موجودہ حالات میں شدید مشکلات سے دوچار ہے جس کی کئی وجوہات ہیں ۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کیلئے خام مال اورجزوی تیار خام مال افغانستان کے راستے پاکستان آتا ہے جسے حتمی تیاری کے بعد سو فیصد برآمد کر دیا جاتا ہے لیکن افغانستان سے خام مال پر ٹیکسز سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکس ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے لیکن اس پر بلا تاخیر عملدرآمد ہونا چاہیے اور وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ وہ اس طرح کے اعلانات کے فالو اپ اور اسٹیک ہولڈرز سے روابط کیلئے با اختیار فوکل پرسن بھی مقر ر کریں تاکہ اعلانات کے مثبت نتائج حاصل ہو سکیں جس سے معیشت ترقی کر ے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں