تشویش کااظہار

آل پاکستان انجمن تاجران کاپیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے تسلسل پر تشویش کااظہار

لاہور(گلف آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تسلسل پر شدید تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پسے ہوئے طبقات کے لئے زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے ،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوںمیں اضافے سے مہنگائی کی شرح مزید بلند ہو جائے گی ،آمدن کم ہونے اور مہنگائی کی شرح میں اضافے کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے جس سے ہر طرح کے کاروبار میں مندی کا رجحان ہے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ یہ درست ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے لیکن حکومت کم از کم پسے ہوئے طبقات کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے جامع اور موثر پالیسی وضع کرے ، بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت اورٹرانسپورٹیشن اخراجات کئی گنا بڑھ گئے ہیں جس کے باعث تاجر ،تنخواہ دار اور دیہاڑی دار طبقہ پس کر رہ گیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم کی قیمتوںکے آگے بندھ باندھا جائے تاکہ عوام کی تشویش میں کمی آسکے ۔حکومت کم آمدن والے لوگوں کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دے ،وزارتیں اورمحکمے اپنے اخراجات مزید کم کریں۔ انہوںنے کہا کہ مہنگی بجلی کے ساتھ بد ترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بھی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں جس سے کاروباری طبقہ شدید پریشان ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں