شان شاہد

طویل عرصے بعد شان شاہد کی فلم ضرار کا ٹریلر جاری کردیا گیا

کراچی (گلف آن لائن)مختلف وجوہات کی بنا پر مسلسل تاخیر کے بعد شان شاہد کی آنیوالی فلم ضرار کا ٹریلر جاری کردیا گیا، تاہم اسے ریلیز کرنے کی تاریخ نہیں دی گئی۔ ضرار کو ابتدائی طور پر 2020میں ریلیز کیا جانا تھا مگر اس وقت کورونا کی وبا آنے کے باعث فلم کی شوٹنگ ملتوی کردی گئی تھی، جس کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اسے 2021میں ریلیز کردیا جائے گا۔سال 2021میں فلم کی ٹیم نے ضرار کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے اسی سال ریلیز کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا مگر کورونا کی وبا سمیت ملک میں سینما بند ہونے کی وجہ سے اسے ریلیز نہ کیا جا سکا تھا۔اب اگرچہ فلم کا پہلا مکمل ٹریلر جاری کردیا گیا، تاہم اس کے باوجود اس کی ریلیز کا اعلان نہیں کیا گیا، جس سے خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر اسے رواں برس کے موسم سرما میں ریلیز کیا جائے گا۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر میں شان شاہد کو ضرار کے مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے اور ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کسی خفیہ مشن پر ملک میں جاری تشدد، کرپشن اور انتہاپسندی کی جنگ روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں شان شاہد پاکستان میں انتہاپسندی اور بے یقینی پھیلانے والے ملک دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے انتہائی حساس اور بڑے منصوبے پر کام کرتے دکھائی دیں گے۔ٹریلر میں جہاں پاکستان میں جاری انتہاپسندی کو دکھایا گیا ہے، وہیں پڑوسی ملک افغانستان میں شورش اور جنگ کے حالات کو بھی اس کا موضوع بنایا گیا ہے۔ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر فلم میں پاکستان کا امن خراب کرنے میں بھارتی مداخلت کا راز فاش کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔فلم میں شان شاہد کے علاوہ کرن ملک، نیر اعجاز، ندیم بیگ اور شفقت چیمہ سمیت دیگر اداکار دکھائی دیں گے، اس کی کہانی خود شان نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات بھی انہوں نے ہی دی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں