ہمایوں اختر خان

امپورٹڈ حکومت ملک کو اپنی نااہلی کی بھینٹ نہ چڑھائے ،عام انتخابات کا اعلان کیا جائے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان درجن سے زائد جماعتوں پر مشتمل امپورٹڈ حکومت کے تجربات کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا ،روزگار پیدا کرنے والی بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ غیر دانشمندانہ ہے جس سے بیروزگاری کا طوفان آئے گا اور برآمدات بھی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے،اگر امپورٹڈ حکومت درست فیصلے کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی تو ملک کو تباہی کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے فوری طور پر عام انتخابات کا اعلان کیا جائے ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں تو اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دینے کے دعویدار تھیں لیکن بد قسمتی سے جب سے سازش کے ذریعے تحریک انصاف کی حکومت کو ختم کیا گیا ہے اس کے بعد عوام کا ہر دن آزمائش میں گزر رہا ہے ۔ عالمی سطح پر مہنگائی کے رجحان اور کورونا وباء کے باوجود تحریک انصاف کی حکومت نے معیشت کو مستحکم رکھا ،معیشت کے اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے تھے لیکن رجیم چینچ اور ناقص پالیسیوں کے باعث ہر شعبہ بد ترین تنزلی کا شکار ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے جن 13بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس کا نفاذ کیا ہے وہ تمام معیشت میں تحرک پیدا کرنے اور روزگار فراہم کرنے کا بڑا ذریعہ ہیں،اگر حکومت اس ٹیکس کے نفاذ پر بضد رہی تو رہی سہی کسر بھی نکل جائے گی اورملک میں بیروزگاری کا ایسا طوفان آئے گا جسے روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت ٹیکس کے نظام میں اصلاحات کے ساتھ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کر رہی تھی جبکہ موجودہ حکومت پہلے سے ٹیکس دینے والے شعبوں پر مزید بوجھ ڈالنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اس لئے اپنی اناء اور ضد پر ڈٹ جانے کی بجائے ناکامی کو تسلیم کیا جائے اورملک میں فوری طور پر صاف اور شفاف انتخابات کے لئے فضا ء قائم کی جائے ۔ہمایوں اختر خان نے کہاکہ تحریک انصاف متحد ہے اور امپورٹڈ حکومت کے لئے ضمنی انتخابات سمیت کوئی بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں