جمشید اقبال چیمہ

عالمی سامراج کے ایجنٹ جان چکے ہیں ضمنی انتخابات میں عوام انہیں مسترد کر دینگے’ جمشید اقبال چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے فوکل پرسن برائے فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے دوست ممالک میں شراکت داری بڑھانے کے حوالے سے منعقدہ اہم ڈائیلاگ میں پاکستان کو مدعو نہ کیا جانا انتہائی تشویشناک ہے ،سوال یہ پیدا ہوتا ہے کیا ہمارا قریب ترین اتحادی چین بھی یہ سمجھ بیٹھا ہے کہ پاکستان اب امریکہ کے ہاتھوں یرغمال بن چکا ہے؟،تمام سروے یہی بتا رہے ہیں کہ ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا ووٹ بینک 75 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 129کے ذیلی حلقہ 158میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں یونین کونسل 186اور187میں رابطہ عوام مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر امیدوار میاں عثمان اکرم ، حلقے کے اکابرین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عالمی سامراج کے ایجنٹ اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ضمنی انتخابات میں عوام انہیں بری طرح مسترد کر دیں گے اسی لئے انتظامیہ اور پولیس کو ساتھ ملا کر بند دروازوں اور اونچی دیواروں کے پیچھے دھونس اور دھاندلی کے منصوبے تیار ہو رہے ہیں کہ اکثریتی ووٹ بینک کو کیسے بدلا جائے۔انہوںنے کہا کہ کرپٹ لیگ یاد رکھے عوام اب با شعور ہو چکے ہیں وہ اپنے ووٹ پر خود پہرہ دیں گے اور اگر زور زبردستی نتائج تبدیل کئے گئے تو عوام اس طرح کے نتائج کو قبول نہیں کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ ٹولے نے ملک اور عوام کا دیوالیہ نکال دیا ہے ، بد ترین مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اوروہ ایک وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے ہیں جبکہ حکمران ٹولہ سب اچھا کی رپورٹ دے رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آج ہماری برآمدات نیچے آرہی ہے ، ترسیلات زر میں کمی ہو رہی ہے ، ٹیکسز ، پیٹرولیم اور بجلی مہنگے ہونے سے پیداواری لاگت بڑھنے سے پاکستان کی مصنوعات عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہیں ، برآمدات کے بغیر پاکستان کی معیشت کیسے چلے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں