ہمایوں اختر خان

تین ماہ بعد ہی حکومت کے اتحادی کھلے عام الگ ہونے کی دھمکیاں دے رہے ہیں’ ہمایوں اختر خان

لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ نام نہاد تجربہ کاروں نے اپنے اقتدار کے صرف 90دنوں میں ملک کی معیشت کو 10سال پیچھے دھکیل دیا ہے ،امپورٹڈ حکومت کی غلط پالیسیوں اوربجلی کاشارٹ فال 9000میگا واٹ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کی وجہ سے نہ صرف عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا محال ہو گیاہے بلکہ ہر طرح کا کاروبار اورچھوٹی بڑی صنعتیںزبوں حالی کا شکار ہیں ،قومی اسمبلی سے جو فنانس بل منظور کرایا گیا ہے اس کے نفاذ سے نہ صرف معیشت کی چولیں ہل جائیں گی بلکہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی مزید چیخیں نکلیں گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حکمران اتحاد جو درجن سے زائد جماعتوں پر مشتمل ہے ملک اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے اپنے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے ۔ تین ماہ بعد ہی حکومت کے اتحادی ایوانوں میں کھلے عام الگ ہونے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ تحریک انصاف نے تو اتحادی حکومت کے ساتھ نہ صرف ملک کو بہتر طریقے سے چلایا بلکہ ترقی کی بنیاد بھی رکھی جبکہ امپورٹڈ حکومت نے تین ماہ میں ملک کی معیشت کا وہ حال کردیا ہے جس کا خمیازہ قوم کو آنے والے کئی سالوں تک بھگتنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک صرف نعروں سے نہیں چلتے بلکہ اس کے لئے ویژن چاہیے ہوتا ہے جس سے موجودہ حکمر ان اتحاد عاری نظر آتا ہے،جن جماعتوں کو اپنی اپنی سیاست کی پڑی ہو وہ ملک کے مسائل کو حل نہیں کرسکتیں ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے فنانس بل کو مکمل تبدیل کر دیا اور اس کے نفاذ سے ملک کی معیشت مزید دبائو کا شکار ہو جائے گی جبکہ مختلف شعبوں پر عائد کئے گئے ٹیکسز کا سارا بوجھ پہلے سے پسے ہوئے عوام پر منتقل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ تین ماہ میںمعیشت سے جڑے تمام اشاریے منفی رجحان کو ظاہر کر رہے ہیں اس لئے پوری قوم کا متفقہ مطالبہ ہے کہ ملک میں فوری طور پر صاف اور شفاف عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا جائے تاکہ ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں