الیکشن کمیشن آف پاکستان

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا مفت بجلی کا پروگرام معطل کردیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب حکومت کا روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک معطل کردیا۔خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 100 یونٹ تک مفت بجلی کا اعلان کیا گیا تھا جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا تھا۔ضمنی انتخابات سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کی سماعت میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل پیش ہوئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا جس میں کہا گیا تھا کہوزیراعلیٰ پنجاب نے جس پروگرام کا اعلان کیا ان کا تعلق ضمنی انتخابات والے حلقوں سے نہیں ہے۔وکیل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پروگرام کا بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا۔رکن سندھ نے کہا کہ جب آپ الیکشن مہم کے اندر ایسے اعلانات کریں گے تو اس کو اثر انداز ہونے کی کوشش کی سمجھا جائے گا۔

جس پر وکیل نے کہا کہ اگر ہم نے الیکشن پر اثر انداز ہونا ہوتا تو کبھی بھی پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھاتے۔رکن سندھ نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھانا تو صوبائی حکومت کا اختیار نہیں ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ اگر آپ نے پروگرام کا بجٹ میں اعلان کردیا تھا تو دوبارہ اعلان کی کیا ضرورت تھی۔وکیل نے بتایا کہ اس پروگرام کا اعلان 50 اور 100 یونٹس والوں کیلئے کیا ہے کیونکہ مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ای سی پی کے ڈی جی لا نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام تمام جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ مہیا کرنا ہے، پنجاب حکومت کے پروگرام کا اعلان ضمنی انتخاب پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ڈی جی لا نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں 10 روز رہ گئے ہیں، اس لیے اس پروگرام کو روکا جائے۔وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پروگرام کا فائدہ کنزیومرز کو اگست میں ملے گا تاہم چیف الیکشن کمشنر نے اصرار کیا کہ ہمارا کام تمام جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ مہیا کرنا ہے۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کا روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک معطل کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن ہوگا، ضمنی انتخاب تک ترقیاتی پروگرام کا اعلان نہیں ہونا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب کو متنازع بنانے سے متعلق تمام پروپیگنڈا کو مسترد کرتا ہے، کمیشن کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پہلے سے زیادہ مدد حاصل ہے اور پنجاب کے 20 حلقوں میں الیکشن صاف شفاف ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں