سری لنکا اور آسٹریلیا کی کرکٹ

سری لنکا اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے شروع ہو گا

گال(سپورٹس ڈیسک)سری لنکا اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے 12 جولائی تک گال انٹرنیشنل سٹیدیم ، گال میں کھیلاجائے گا، مہمان ٹیم آسٹریلیا کو سیریز میں آئی لینڈرز کے خلاف 0-1 کی سبقت حاصل ہے، گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں کینگروز نے آئی لینڈرز کو باآسانی 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، سری لنکا کو دیمتھ کرونارتنے لیڈ کر رہے ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹیم پیٹ کمنز کی زیر قیادت میدان میں اترے گی،

واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا نے 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو 2-3 سے شکست دی تھی جبکہ تین ٹی 20 میچز کی سیریز 1-2 سے آسٹریلیا کے نام رہی۔آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ نازمڈل آرڈر بلے باز کیمرون گرین نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دیکر سیریز کلین سویپ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے 23سالہ کیمرون گرین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کی ٹیم نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کیلئے حکمت عملی تیارکر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

23کیمرون گرین نے کہا کہ وہ آئی لینڈرزٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشن کلین سویپ کے مقصد کے حصول کے لئے ان کی ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں