جاوید قصوری

بجلی کی قیمت میں اضافہ قابل مذمت، حکومت عوام کے مسائل میں اضافہ کررہی ہے’ جاوید قصوری

لاہور(گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب (وسطی)محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار7.90روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری قابل مذمت ہے۔

ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔ اس قسم کے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ جس ملک کی معاشی پالیسیاں غیر ملکی ادارے بنائیں اس کی خود مختاری پامال اور سلامتی دائو پر لگ جاتی ہے۔ حکمرانوں نے ملکی اشیاء گروی رکھ کر آئی ایم ایف سے ادھارمانگنے کی شرمناک پالیسیاں اختیار کر رکھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمت میں 10ڈالر فی بیرل کمی ہوئی مگر پاکستان میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جبکہ ماہرین 2023تک 45ڈالر فی بیرل تک قیمت گرنے کی پیشگوئیاں کررہے ہیں۔

حکومت بھی پاکستانی عوام کو ریلیف فراہم کرے تاکہ جان لیوا مہنگائی سے کچھ سکھ کا سانس نصیب ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ یکم جولائی سے پنجاب میں ٹیکسٹائل ملز کی گیس بند ہونے سے 400سے زائد ملز بند ہوچکی ہیں۔ جس سے کپڑے کی صنعت کو برآمدت میں ایک ارب ڈالر کی کمی کا خدشہ ہے۔ گزشتہ سال اس سیکٹر میں 2597فیصد تک کا اضافہ ہوا تھا اور اس صنعت کا مجموعی برآمدی حجم 14ارب ڈالر سے زائد ہے۔ گیس بندش سے بند ہونے والے کارخانوں اورملوں میں کام کرنے والے ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں