انگلینڈ

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرامیچ(آج) کھیلا جائے گا

لندن(گلف آن لائن)انگلینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ(آج)جمعرات کو لندن ، لارڈز میں کھیلا جائے گا ۔ بھارت کو تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 17 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا ۔یاد رہے کہ بھارت نے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو با آسانی 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ نازفاسٹ بائولر جسپریت بمرانے کہا کہ برطانوی ٹیم کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بھی شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کو پہلے ون ڈے میچ میں بآسانی 10 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ پہلے ون ڈے میں مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے 28سالہ جسپریت بمرانے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ان کی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ کے لئے حکمت عملی تیارکر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

28سالہ جسپریت بمرانے کہا کہ وہ انگلینڈ ٹیم کے خلاف پہلے ون ڈے کی طرح دوسرے میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں