وزیر منصوبہ بندی

ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر موجودہ حکومت مشکل فیصلے لینے پر مجبور ہوئی’وزیر منصوبہ بندی

واشنگٹن(گلف آن لائن)وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان بنک فنڈ سٹاف ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی معاشی صورتحال، معیشت کو درپیش چیلنجز اور معیشت کے استحکام کے حوالے سے حکومت کی جانب سے جاری کوششوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

وزیرِ برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کے پیش نظر موجودہ حکومت مشکل فیصلے لینے پر مجبور ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام کی تکلیف کا مکمل ادراک ہے لیکن معاشی حالات اس امر کے متقاضی تھے کہ ذاتی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد میں فیصلے کئے جائیں۔انہوں نے کہا موجودہ اتحادی حکومت نے ملکی مفاد ات کے پیش نظر حکومت کی باگ ڈور سنبھالی اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ معاشی استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی خصوصا معاشی ترقی کے روانی کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کورونا کے بعد یوکرائن کی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کی معیشت سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ یوکرائن کی صورت حال اور اس کے نتیجے میں ترقی پذیر ممالک کیلئے پیدا ہونے والی مشکلات کا ادراک کیا جائے۔ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں معیشت کو درپیش سنجیدہ اسٹرکچرل مسائل کے مستقل حل کو نظر انداز کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے معاشی ترقی میں اتار چڑھا کا رجحان رہا ہے۔

انہوں نے کہا ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ملکی برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے۔معاشرے کے کمزور طبقات کو موجودہ حالات میں ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب خاندانوں کی مدد کر رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایسے گھرانوں کیلئے زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں کاروباری مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں