مسرت جمشید چیمہ

زرداری ، شریف خاندانوں کو تاریخ سیاست میں غلاظت پھیلانے والوں کے طور پر یاد رکھے گی’ مسرت جمشید چیمہ

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ زرداری اور شریف خاندانوں کو تاریخ سیاست میں غلاظت پھیلانے والوں کے طور پر یاد رکھے گی، امپورٹڈ ٹولہ کہتا ہے ملک چلانے کیلئے پیسے نہیں ہیں اوراراکین خریدنے کیلئے قومی خزانے سے کروڑوں کی بولیاں لگ رہی ہیں، الیکشن کمیشن سینیٹ الیکشن میں لگنے والی منڈی کی سامنے آنے والی فوٹیج پر فیصلہ دے دیتا تو آج یہ منڈیاں لگنا بند ہو چکی ہوتیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سندھ ہائوس کے معاملے پر بھی الیکشن کمیشن اندھا ،گونگا اوربہرہ بنا رہا ،لوٹے تاحیات نا اہل ہوتے تو قوم کو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے،جب تک ضمیر فروشی کرنے والوں کی تاحیات نا اہلی نہیں ہو گی قوم سمجھے گی الیکشن کمیشن ان کا سہولت کار ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے لوٹوں کو صرف ڈی سیٹ کرنے کا نتیجہ دیکھ لیا ہے ،آج ان کی بولی 10کروڑ سے بڑھ کر 50کروڑ تک جا پہنچی ہے ،الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنا آئینی کردار ادا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ضمیر فروشی کے کاروبار نے دوبارہ عروج حاصل کر لیا ۔

انہوںنے کہا کہ ووٹ کی تضحیک اوراراکین کی خرید و فروخت کی منڈیاں لگنے کا سلسلہ روکنے کا واحد حل ضمیر فروشوں کی تاحیات نا اہلی ہے،خرید و فروخت ، دھونس اور دھاندلی کا نظام اب نہ بدل سکے تو کبھی نہیں بدل سکیں گے اس لئے قوم اب اٹھ کھڑی ہو ۔عوام نے ہارس ٹریڈنگ کے خلاف احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے بتا دیا بے ضمیروں کے دن گنے جا چکے ہیں، لوٹے ضمنی انتخابات میں عوام کا شدید رد عمل دیکھ چکے ، ضمیر فروشی کرنے والوں کیلئے اب کہیں چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے نے بہتری کیلئے اصلاحات کی بجائے کرپشن، خریدو فروخت کے نئے ”ورژن ” متعارف کرائے، انشا اللہ آج بائیس جولائی کو تحریک انصاف کے نامزد وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
٭

اپنا تبصرہ بھیجیں