سعودی وزیرخارجہ

مارکیٹ میں تیل کی کمی نہیں،ریفائننگ کی صلاحیت کا فقدان ہے،سعودی وزیرخارجہ

ٹوکیو (گلف آن لائن)سعودی عرب کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ انھیں مارکیٹ میں تیل کی کوئی کمی نظر نہیں آرہی ہے بلکہ تیل کوصاف کرنے کی صلاحیت کا فقدان ہے۔اس لیے خام تیل کومصفا کرنے اور اس کو مختلف مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے ریفائننگ کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے ٹوکیومیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تک ہمیں مارکیٹ میں تیل کی کمی نظرنہیں آئی ہے۔البتہ تیل کو صاف کرنے کی صلاحیت کا فقدان ہے۔یہ ایک مسئلہ بھی ہے لہذا ہمیں ریفائننگ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مزید سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین پرروس کے حملے اور روسی توانائی پرامریکا اور دوسرے ممالک کی پابندیوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی رسد میں کمی واقع ہوئی ہے اور اس کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ماسکوکے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پرشہزادہ فیصل نے کہا کہ روس خاص طور پر تیل کی منڈی کے استحکام کے حوالے سے ایک اہم شراکت دار ہے۔انھوں نے کہا کہ روس اوپیک پلس کا لازمی حصہ ہے اور اس گروپ میں شامل تیل برآمدکنندگان کے درمیان تعاون کے بغیراجتماعی طور پر بین الاقوامی منڈیوں میں تیل کی رسد کو مناسب طریقے سے یقینی بنانا ناممکن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں