صدر مملکت

محرم الحرام میں خانوادہ رسول کی عظیم الشان قربانیاں حق وباطل کے مابین کشمکش اور استقامت کا ابدی مظہر ہے، صدر مملکت

اسلام آباد (گلف آن لائن) صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ محرم الحرام میں خانوادہ رسول کی عظیم الشان قربانیاں حق وباطل کے مابین کشمکش اور استقامت کا ابدی مظہر ہے۔ اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ یکم محرم الحرام سے اسلامی ہجری کیلنڈر کے سال 1444 ھ کا آغاز ہو رہا ہے، میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہو ں کہ یہ ہجری سال پاکستان، پاکستانی قوم، عالم اسلامی اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت ہو، آمین۔انہوںنے کہاکہ اسلامی ہجری سال دینی، ملی اور تاریخی حیثیت کا حامل ہے۔ یہ مسلمانوں کو اس عظیم ہجرت کی یاد دلاتا ہے جس نے دنیا کا نقشہ بدل دیا۔

ہجری سال ہمیں یاد دلاتاہے کہ اسلام اور ایمان کیلئے اپنا گھر بار اور مال ودولت بھی چھوڑنا پڑے تو چھوڑ دو، لیکن دین کو نہ چھوڑو۔انہوںنے کہاکہ مزید برآں محرم الحرام کی اسلامی تاریخ میں بے پناہ اہمیت اور فضیلت ہے۔ اس میں ماہ خانوادہ رسول کی عظیم الشان قربانیاں حق وباطل کے مابین کشمکش اور استقامت کا ابدی مظہر ہے۔ اس میں مسلمانان عالم کے لیے درس ہے کہ کس طرح دین ِ اسلام کی سربلندی کے لیے ایک بندہ مومن کو حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے، یہاں تک کہ اللہ کی راہ میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ ماہ محرم امت ِ مسلمہ کے اندر حق و باطل سے متعلق صحیح فہم و شعور بیدار کرتا ہے اور جذبہ پیدا کرتا ہے کہ ایک سچے مسلمان کی زندگی کا مقصد رب العالمین کے دین کی سرفرازی ہے۔ اس کا ہر کام، اس کی تمام تر سرگرمیاں اسی مقصد کے تحت ہوتی ہیں، وہ اپنے قول و فعل سے دین اسلام کے سچے اور سارے انسانوں کے لیے سراپا رحمت ہونے کی شہادت دیتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہجری سال کے آغاز کا اصل پیغام یہی ہے کہ انسان گذشتہ زندگی کا محاسبہ کرے اوراپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرے،جو افراد منصب ِ قیادت پر فائز ہیں ان کیلئے بھی محاسبہ کا مقام ہے کہ انہوں نے امت کے ایک بڑے طبقے کی قیادت و رہنمائی کا منصب اپنے ذمے لیا اور پھر وہ کس حد تک اس منصب سے عہدہ برآہوسکے۔انہوںنے کہاکہ میں اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ آنے والا ہجری سال ہر قسم کی آفات اور مصائب سے محفوظ اور مامون ہو اور یہ سال پاکستان، ملت اسلامیہ اور پوری انسانیت کے لیے امن وآشتی اور ترقی وخوشحال کی نوید بن کر آئے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں