خرم شیر زمان

سندھ کے لوگوں کی زندگی دن بدن اجیرن ہوتی جارہی ہیں، عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، تمام سروے میں شہر قائد نیچے جارہا ہے،خرم شیرزمان

کراچی(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہاہے کہ سندھ کے لوگوں کی زندگی دن بدن اجیرن ہوتی جارہی ہیں، عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں، تمام سروے میں شہر قائد نیچے جارہا ہے،میڈیا نے کراچی میں بارشوں کی صورتحال سے بروقت آگاہ کیا، میڈیا کے مشکور ہیں نمائندوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،سیاسی ایڈمنسٹریٹر کراچی کو صاف کرنے میں ناکام ہوگیاہے۔

انصاف ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ کراچی کے ساتھ سندھ کے دیگر علاقوں کی حالت بھی اچھی نہیں ہے، لاڑکانہ میں ایڈز، کتوں کی ویکسین نہیں ہے لاڑکانہ سے بلاول جیت کر آئے، سیہون سے وزیر اعلی سندھ کامیاب ہوئے سیہون کے حالات بھی بدتر ہیں۔انہوں نے کہاکہ بارشوں کا گزشتہ اسپیل میں این جی اوز، افواج پاکستان عوام کیلئے کام کرتے نظر آئے، بارشوں میں ایڈمنسٹریٹر کراچی، وزیراعلی کہیں نظر نہیں آئے، کراچی کی کوئی سڑک ایسی نہیں ہے جو ٹوٹی پھوٹی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم بڑھ رہا ہے، معمار میں کل فوڈ ڈیلیوری بوائے کو گولی مار دی گئی۔ سندھ سولڈ میں اربوں کی کرپشن ہے، کوئی گلی ایسی نہیں جہاں سیوریج کا پانی ابل نہ رہا ہو۔انہوں نے کہاکہ اسٹرانگ ڈرینج کا کوئی نظام نہیں بنایا گیا، سمجھ نہیں آتا انتظامیہ یہاں کام کیوں نہیں کرتی، جو پیسہ سندھ کے عوام پر خرچ ہونا تھا وہ پنجاب کی حکومت بچانے پر خرچ ہوا، سندھ کا پیسہ سندھ ہائوس میں ایم پی ایز کو خریدنے پر خرچ ہوا۔خرم شیرزمان نے کہا کہ بلاول کو ایک جہاز مل گیا جیسے بچے کو کھلونا مل گیا، اس بچے کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہے، سندھ میں بچوں کے اسکول کھل گئے ہیں بچوں کے اسکولوں میں پانی موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کرپشن کا ٹاسک لیا ہوا ہے، زمینوں پر حکومتی نمائندے قبضے کررہے ہیں، ہاکس بے پر کئی لوگ ڈوب گئے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بلاول اپنے وزیروں سے پوچھیں ان اموات کا ذمہ دار کون ہے، سمندری مقامات پر دفعہ 144 لگانے کے باوجود عملدرآمد نہیں کرایا جارہا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سمندری مقامات پر سندھ حکومت کا ریسکیو نمائندہ اہلکار نہیں ہے، لوگوں کو ایدھی فائونڈیشن، چھیپا ریسکیو سروس دے رہے ہیں، سکھر بیراج میں لوگوں کی لاشیں تیر رہی ہیں ذمہ دار کون ہے۔انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان سے گزارش کروں گا سندھ کے عوام کی مدد کریں، پیپلز پارٹی سے عوام نے امید لگانی چھوڑدی ہے، آدھے شہر میں ٹینکر مافیا کا راج ہے، کیا کراچی کے عوام ان کے باپ کے نوکر ہیں، کراچی کے عوام کو بیدری سے لوٹا جارہا ہے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ آصف زرداری کا مشن ہے کراچی کو موہنجودڑو میں تبدیل کردے، سندھ اسمبلی کے اجلاس کسی کام کے نہیں ہے۔ 40 سے 50 لاکھ سندھ اسمبلی کا ایک دن کا خرچہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی وزیر عوام کیلئے کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہے، جس طرح خیبرپختونخوا، بلوچستان سے ان کا خاتمہ ہوا ویسے سندھ سے ہوگا، اللہ تعالی سندھ پر اپنا کرم کرے۔خرم شیرزمان نے کہاکہ کراچی کے عوام بلدیاتی انتخابات میں عمران خان کے نمائندوں کو کامیاب کریں گے، ہماری ترجیحات کراچی واٹر بورڈ کو بہتر بنانا ہے، کراچی کے لوگوں کو ٹینکر کے بجائے نلکوں سے پانی دینا ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری دوسری ترجیح شہر کے نکاسی آب کا نظام بہتر بنانا ہے، عمران خان نے کراچی کے 3 بڑے نالے صاف کرائے۔ہماری تیسری ترجیح کراچی میں کچرے کو اٹھانے کا نظام بہتر بنانا ہے، کراچی سے جگہ جگہ کچرے کونڈیوں کو ختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری چوتھی ترجیح شہر کے ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانا ہے، ہماری پانچویں ترجیح شہر سے اسٹریٹ کرائم کا خاتمہ کرنا ہے اور ہماری آخری ترجیح شہر کو ہرا بھرا کرنا ہے۔

ہم پورے شہر میں درخت لگائیں گے، ہم کام کریں گے باتیں نہیں، انشاللہ پی ٹی آئی کا مئیر ماضی کی طرح اختیارات کا رونا نہیں روئے گا۔خرم شیر زمان نے کہا کہ آج کراچی کے عوام کے ہمراہ کیایم سی دفتر کے باہر احتجاج کریں گے، کراچی کے حقوق مارے گئے، کراچی کے عوام کو بنیادی حقوق ملیں یہ ان کا حق ہے، آج عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں