ثناء فخر

پاکستان کو شاید نظر لگ گئی ہے جو اسے ترقی کا سفر راس ہی نہیں آتا ‘ ثناء فخر

لاہور(گلف آن لائن)نامور اداکارہ ثناء فخر نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے غیر ذمہ داران بیانات سے پورا ملک غیر یقینی کی صورتحال سے دوچار ہے ،پاکستان کو شاید نظر لگ گئی ہے کہ جو اسے ترقی کا سفر راس ہی نہیں آتا ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ثناء فخر نے کہا کہ ہم اس سال چودہ اگست کو 75واں یوم آزادی منانے جارہے ہیں لیکن ہماری حالت آج بھی نومولود جیسی ہے ، خطے کے ممالک ہم سے ترقی میں کہیں آگے نکل چکے ہیں اور ہماری سیاست ہی ختم نہیں ہورہی ۔

ا نہوںنے کہا کہ سیاسی قیادت سے درخواست ہے اس سال یوم آزادی پر یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اکٹھے مل کر مزار قائد پر حاضری دیں اور وہاں کھڑے ہو کر بانی پاکستان سے عہد کریں ہم ملک و قوم کے مفادات کو اپنے مفادات پر ترجیح دیں گے اور جہاں ملک و قوم کی بات ہو گی وہاں ہرگز سیاست نہیں ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ ایسے حالات میں جب ہمیں اتحاد یگانگت کی ضرورت ہے سیاستدانوں کے بیانات کی وجہ سے ملک میں غیر یقینی کی صورتحال ہے جس کے اثرات معیشت پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں