حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

قطر پاکستان تعلقات دو قوموں اور دو ملکوں کے تعلقات ہیں’حافظ طاہر محمود اشرفی

لاہور( گلف آن لائن)چیئرمین پاکستان علما کونسل اور نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ قطر پاکستان تعلقات دو قوموں اور دو ملکوں کے تعلقات ہیں، وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے دورہ قطر سے میں پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے بہت سارے کارو باری مواقع پیدا ہوں گے،پاکستان کو دوست ممالک نے کبھی مایوس نہیں کیا، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، چین اور قطر کا پاکستان سے مالی تعاون معاشی بحران سے نکلنے میں مددگار ہو رہا ہے ، امداد کی بجائے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ دینی ہو گی ،

عالم عرب عالم اسلام سے آنے والے سرمایہ کاروں کو سہولت اور اعتماد دینے سے 20 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن ہو سکتی ہے ، قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ ہے اور پاکستان کے ساتھ سیکورٹی کا معاہدہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے ، یہ بات انہوں نے قطر میں عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان تعلقات دو قوموں اور دو ملکوں کے تعلقات ہیں، پاکستان میں داخلی تبدیلی اور حالات سے تعلقات پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے دورہ قطر سے میں پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے بہت سارے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے ۔

قطر میں پہلے بھی پاکستانی ایک بڑی تعداد میں روزگار کیلئے موجود ہیں، اس دورے کے بعد اس میں ان شا اللہ اضافہ ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے میثاق پاکستان کی ضرورت ہے ، تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ملک اور قوم کا سوچنا چاہیے ، آئندہ انتخابات کب ہونے ہیں یہ طاقت کی بنیاد پر نہیں مذاکرات کی بنیاد پر طے ہو سکتا ہے ۔

آج پاکستان میں سیلاب کی جو کیفیت ہے وہ پوری قوم کیلئے ایک امتحان ہے ، ہماری تجویز تو یہ ہے کہ ایک ماہ کیلئے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں سیاست ترک کر یں اور سیلاب زدگان کی امداد کیلئے نکلیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں