جمشید اقبال چیمہ

حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے آئی ایم ایف ابھی تک انکی بات نہیں سن رہا’ جمشید چیمہ

لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح44فیصد سے تجاوز ہے لیکن آئی ایم ایف حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے ابھی تک ان کی بات نہیں سن رہابلکہ مزید ٹیکسز لگانے کا کہہ رہا ہے،احساس کمتری کے مارے امپورٹڈ ٹولے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا اور اب سیلاب کے بعد بھی عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ اپنے بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ملک معاشی طور پر جن حالات سے گزر رہا ہے آنے والے دن انتہائی مشکل ہوں گے ۔

سیلاب سے ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں ، جس سے اجناس کی قلت سے خوراک کے مسائل پیدا ہوں گے اور مہنگائی بھی مزید بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران وژن سے عاری ہیں ۔ بیرون ممالک سے ملنے والی امداد کی بندر بانٹ کی بجائے شفافیت سے تقسیم ہونی چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ بیرون ممالک سے آنے والی امداد اور سامان کی متاثرہ صوبوں میں شفافیت سے تقسیم کو یقینی بنایا جانا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ اپنے بہن بھائیوں کی مدد کے لئے عملی کردار ادا کریں تاکہ ان کے دکھوں کا مداوا ہو سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں